اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئلی مذاکرات میں وزارت خزانہ حکام نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وفاقی کابینہ گیس قیمتوں میں اضافے کی منظوری جلد دے گی اور پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں اضافہ سمیت تمام شرائط پوری کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں معاشی ٹیم ورچوئلی شریک ہوئی، وزارت خزانہ حکام نے آئی ایم ایف کو منی بجٹ میں نئے ٹیکس اقدامات پر بریف کیا۔
آئی ایم ایف نے پٹرولیم مصنوعات پر پی ڈی ایل بڑھانے، بجلی پرسبسڈی ختم کرنے کی شرط عائد کی ہے، آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ ڈالر کا ریٹ مارکیٹ کے مطابق متعین کیا جائے، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ فرق ختم کیا جائے۔
آئی ایم ایف نے ایف بی آر ریونیو اہداف اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں رکھے گئے اہداف کو پورا کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف ورچوئلی مذاکرات میں فی الحال ڈیڈلاک برقرار ہے، مذاکرات میں نویں جائزہ کیلئے آئی ایم ایف مشن کی تاریخ طے نہیں پا سکی، آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ حکام کے درمیان بدھ کو بھی مذاکرات ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن کی تاریخ کو حتمی شکل دینے سے قبل اپنے مطالبات کی منظوری چاہتا ہے، وزارت خزانہ حکام نے مذاکرات میں تمام اہداف مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی، مذاکرات کے اختتام پر آئی ایم ایف مشن کی تاریخ کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے۔