لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ملک کو بچانے کا واحد راستہ آئی ایم ایف ہے ، آئی ایم ایف کے پاس نہ گئے تو ملک ڈیفالٹ کر جائے گا۔
لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ قوم تیاری کرلے مہنگائی کا نیا طوفان آنے والا ہے ، ملک کو بچانے کا واحد راستہ آئی ایم ایف پروگرام ہے ، آئی ایم ایف کے پاس نہ گئے تو ملک ڈیفالٹ کر جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ صنعتیں بند ہورہی ہیں صنعتکار باہر جارہے ہیں، 7 ماہ میں ساڑھے 7 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ کر باہر چلے گئے، تباہی سے نکلنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ قوم ایک ہوجائے۔ ملک میں چوروں کو مسلط کیا گیا ہے ،اس وقت میری جان کو خطرہ ہے مگر ملک چھوڑ کر باہر نہیں جاؤنگا بلکہ ان کا مقابلہ کرونگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے خطاب میں کہا کہ قوم ملک میں انصاف کا نظام لانے کے لئے کھڑی ہوجائے، جب پاکستان میں سیلاب آیا تو ہم نے پیسہ اکٹھا کیا،نوشہرہ میں اربوں روپے لگا کر بند بنائے جس سے نوشہرہ سیلاب سے بچ گیا۔
یہ بھی پڑھیں: قوم پر اعتماد ہے، 2023ء میں پی ٹی آئی مضبوط حکومت بنائے گی، عمران خان
اس سے قبل صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں، استحکام صرف شفاف الیکشن سے ہی ممکن ہے، اسٹیبلشمنٹ معیشت سمیت تمام بحرانوں سے نکلنے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حسین حقانی کو جنرل باجوہ نے لابنگ کے لئے امریکہ میں ہائر کیا، ڈونلڈ لو کو پاکستان سے سبق پڑھایا گیا، حسین حقانی میرے خلاف مہم اور جنرل باجوہ کی تشہیر کرتے رہے، امریکہ میں ٹرمپ حکومت نے تاریخی استقبال کیا۔
عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ نے آخری ملاقات میں کہا آپ پلے بوائے ہیں، عمران خان میں نے جواب دیا ہاں میں پلے بوائے رہا ہوں، قمر کمر پر چھرا مار رہا تھا اور ہمدردی بھی کر رہا تھا، ہمارے 3 اراکین پنجاب اسمبلی کو اعتماد کے ووٹ کیلئے اسٹیبلشمنٹ نے نیوٹرل رہنے کا کہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی مقبولیت کا جن پی ڈی ایم کو چین نہیں لینے دے رہا: فیاض چوہان
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ میں تاحال جنرل ریٹائرڈ باجوہ کا سیٹ اپ کام کر رہا ہے، کراچی میں ایم کیو ایم کو اکٹھا اور بی اے پی کو پیپلز پارٹی میں شامل کرایا جا رہا ہے، پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ کا نام ایک آدمی ہے، باجوہ احتساب نہیں کرنا چاہتے تھے اس لئے تعلقات خراب ہوئے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں میں جاکر کیا کریں گے، کوئی فائدہ نہیں، بشریٰ بی بی خاتون خانہ ہے، ہم آڈیو لیکس سے اپنی نوجوان نسل کو کیا پیغام دے رہے ہیں، ملک میں شفاف الیکشن ہوں اور پائیدار حکومت بنے، شفاف الیکشن سے ملک میں استحکام آئیگا، اسٹیبلشمنٹ معیشت سمیت سب بحرانوں سے نکالنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
آج پیغام دینا چاہتا ہوں، مشکل وقت میں ملک چھوڑ کر مت جائیں ہم نے مل کر ان مشکلات اور ان چوروں کا مقابلہ کرنا ہے۔ عمران خان pic.twitter.com/lpSeG7XmdZ
— PTI (@PTIofficial) January 1, 2023
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ بلاول بھٹو کو افغانستان کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں، موجودہ افغان حکومت کے ساتھ بہترین تعلقات تھے، دہشت گردی بیچ کر ڈالرز کمائے جا سکتے ہیں، مشرف نے بھی دہشت گردی بیچ کر ڈالرز کمائے لیکن 80 ہزار جانوں کا ضیاع ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابات کے خوف سے بلاول سمیت پوری پارٹی ذہنی توازن کھو چکی، علی زیدی
نجم سیٹھی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی کو کرکٹ کی الف، ب بھی نہیں معلوم، رمیز راجہ کے دور میں پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچی، رمیز راجہ نے پیسے بچائے اور یہ لٹا رہے ہیں، نجم سیٹھی کو لانے کے لئے پی سی بی کا آئین تبدیل کر دیا۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے صحافیوں سے ملاقات کے دوران مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے پیچھے 100 فیصد جنرل باجوہ کا ہاتھ تھا، چیف الیکشن کمشنر وہی کرتا تھا جو جنرل باجوہ کہتا تھا، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معاملہ جنرل باجوہ کنٹرول کر رہا تھا، چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے، میں نے کبھی چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کی پوسٹنگ بارے گفتگو نہیں کی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ بیوقوف آدمی ہے، طالبان سے متعلق بیانات سے ملکی ساکھ خراب کر رہا ہے، طالبان سے بیٹھ کر مذاکرات ہونے چاہئیں، میں ہمیشہ سے ملٹری آپریشنز کے خلاف رہا ہوں، چودھری نثار سے کافی عرصہ سے رابطہ نہیں ہوا، گزشتہ ہفتے چودھری نثار کے سیاسی اکٹھ کا جان کر اچھا لگا۔