اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کی بحالی کے لیے ایک اور کوشش کی ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کے پروگرام کی بحالی کی غرض سے عالمی سیاسی رابطوں کے لیے وزارت خارجہ سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
پاکستان کا مؤقف ہے کہ آئی ایم ایف سیلاب اور دیگر وجوہات پر معاہدے کی شرائط پر نظرثانی کرے، عالمی سطح پر مہنگائی اور معاشی بحران کے باعث مزید سخت فیصلے نہیں کرسکتے۔
پاکستان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان نئے ٹیکس لگائے بغیرآمدن بڑھاسکتا ہے اور سال کے آخرتک کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرلےگا۔
ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بھی ٹیکس چوروں سے ریکوریز بہتر بنانے کا پلان پیش کیا ہے جس کے تحت پاکستان ٹیکس وصولی بہتر کرکے مقررکردہ 7100 ارب روپے کا ہدف پورا کرے گا۔