کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ انتخابات کے خوف سے بلاول سمیت پوری پیپلز پارٹی ذہنی توازن کھو چکی ہے۔
بلاول زرداری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے علی زیدی کا کہنا تھا کہ بلاول کی تقریر سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن میں اپنی شکست تسلیم کر لی ہے، بلاول اپنے والد کی طرح گیدڑ بھبکیاں دینے لگا ہے، سندھ کے عوام باشعور ہیں، وہ اب ان کی باتوں میں آنے والے نہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی بدمعاشیوں کے دن چلے گئے، بلاول کو ہر فورم پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بلدیاتی انتخابات میں بھی انہیں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، دہشت گردی کو پروان چڑھانے والے اب ملبہ ہماری حکومت پر ڈال رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو دہشت گردی سے نجات دلائی تھی، انہوں نے سندھ کا جو حال کیا ہے دنیا نے دیکھا ہے، سندھ کو نوچ نوچ کر کھانے والوں کا اقتدار اب اختتام کے قریب پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہوا تھا، بلاول کو پتہ ہے حکومت جانے کے بعد باپ بیٹے دونوں بیروزگار ہوجائیں گے، تحریک انصاف ہی واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔