فیصل آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن حکومت کی بی ٹیم بنا ہوا ہے، الیکشن کمیشن اگر انتخابات نہیں کروا سکتا تو چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہو جائیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے کہا کہ اسحاق ڈار ڈیٹا میں ہیرا پھیری کے ماہر ہیں، آج غریب آدمی بچوں کے لئے آٹا نہیں لے سکتا، عوام سوال پوچھ رہے ہیں کہ کون ہے جس نے ملک کو یہاں تک پہنچایا، حاجی صاحب سارا بیڑہ غرق کر کے گئے، اب حاجی صاحب فرمائشی کالم لکھواتے ہیں، یہ اس وقت ٹیکنکل چور ٹیکنوکریٹ ہی بیٹھے ہیں، حاجی صاحب کا یہ تجربہ ناکام ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ملک کی بہتری کا سوچیں، واحد راستہ الیکشن ہے، ملک میں استحکام صاف اور شفاف الیکشن سے ہی آئے گا، پہلے تجربوں کی حالت عوام نے دیکھ لی اب کوئی تجربہ کامیاب نہیں ہو سکتا، یہ ہائبرڈ نظام چل رہا ہے جس سے یہ خود فائدہ اٹھا رہے ہیں، الیکشن کمیشن حکومت کی بی ٹیم بنا ہوا ہے، اگر الیکشن کمیشن انتخابات نہیں کروا سکتا تو چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہو جائیں، ملک میں نئے انتخابات کی راہ ہموار ہونی چاہیے، ملک کو نئے انتخابات ہی بچا سکتے ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ کل وزارت خزانہ نے اکانومی آؤٹ لک رپورٹ جاری کی ہے، آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق پاکستان آگے جانے کی بجائے پیچھے کی طرف جا رہا ہے، ٹیکسٹائل، آٹو، سیمنٹ انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں، یہ کہتے ہیں سب اچھا ہے، معاشی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق 60 فیصد بیرون ممالک انویسٹمنٹ نیچے آگئی ہے، ملک لوٹنے والوں کے دورمیں کون انویسٹمنٹ کرے گا، حکومت ایف بی آر کا ٹارگٹ بھی پورا نہیں کر سکی، پچھلے سال کی نسبت ترسیلات زر میں ساڑھے 9 فیصد کمی آئی ہے، ہمارے دور میں ٹیکسٹائل سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا تھا اورآج بڑی انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اسحاق ڈار نے پہلے بھی اور اب پھر معیشت کو تباہ کر دیا ہے، عمران خان کے دور میں پاکستان ترقی کر رہا تھا، عمران خان کے دور حکومت میں 55 لاکھ نوکریاں پیدا کی گئیں، عمران خان کے دور میں کسان خوشحال تھے، اس حکومت نے اپنے کیسز معاف کروائے اور ملک کو اندھیروں کی طرف لے گئی، 4 سال کرپشن کےکیسزمیں مفروروں کو حفاظتی ضمانتیں مل رہی ہیں، ملک لوٹنے والے دندناتے پھر رہے ہیں، اعظم سواتی کو انصاف کا بنیادی حق نہیں دیا جا رہا، اعظم سواتی کی ضمانت نہیں ہو رہی۔
سابق وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ سرغنہ نالائق اعظم شہباز شریف سمیت سب اتحادیوں کے مقدمات معاف ہو رہے ہیں، ان سب کی موجیں لگی ہوئی ہیں، اگروزیر داخلہ سکیورٹی نہیں دے سکتے تو مستعفی ہو جانا چاہیے، اگر دارالخلافہ محفوظ نہیں تو بیرون ممالک کے سفیروں کو کیا پیغام دے رہے ہیں، عمران خان کے خلاف تو توہین عدالت کے نوٹسز جاری ہو گئے تھے، دیکھیں گے کیا اب بھی توہین عدالت کے نوٹس جاری ہوں گے، ہم نے توہین عدالت کی درخواست آج جمع کروا دی ہے۔