اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں عدالتی حکم کے باوجود بلدیاتی انتخابات نہ کروانے پر پاکستان تحریک انصاف نے توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں وفاق اور الیکشن کمیشن کو فریق ہیں، درخواست میں سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری کابینہ کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے گئے، عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کیے جانے پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: لوکل گورنمنٹ سسٹم کو بے اختیار کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے: اسلام آباد ہائیکورٹ
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو 31 دسمبر بروز ہفتہ کو وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا لیکن مقررہ تاریخ پر انتخابات نہ کروائے جا سکے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کے لئے سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کی گئی تھی جبکہ الیکشن کا عملہ بھی فوری دستیاب نہیں تھا۔