اسحاق ڈار کی انڈونیشیا کی وزیر خزانہ سری ملیانی سے ورچوئل میٹنگ

Published On 08 March,2023 09:59 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے انڈونیشیا کی وزیر خزانہ محترمہ سری ملیانی سے ورچوئل میٹنگ کی۔

اس موقع پر ایس اے پی ایم برائے خزانہ طارق باجوہ، چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے انڈونیشیا کے وزیر خزانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کی وسعت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انڈونیشیا کی وزیر خزانہ مس سری ملیانی نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوطرفہ تعلقات پر زور دیا اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 25 پیسے اضافہ

انہوں نے انڈونیشیا کی حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی مختلف معاشی اصلاحات اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا، دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور انڈونیشیا کی وزیر خزانہ سری ملیانی نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔