اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے بیرک ریکوڈک مائننگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر مارک برسٹوو کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔
وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے پر کام کرنے والے 70 فیصد افراد کا تعلق بلوچستان سے ہے، ریکوڈک میں کمپنی نے علاقے کی کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹی کے تعاون سے سکول قائم کر دیا ہے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور صحت کی سہولیات کے حوالے سے بھی کام جاری ہے، منصوبے میں متبادل توانائی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بیرک ریکوڈک مائننگ کمپنی کے کارپوریٹ سوشل رسپانسبلیٹی کے حوالے سے جاری کاموں کی تعریف کرتے ہوئے بلوچستان میں دانش سکولز کے قیام میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ترغیب دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں کان کنی، آئی ٹی، توانائی، مواصلات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، حکومت ملک میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات دینے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہے، ان قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے حالیہ معاہدہ دونوں فریقین کیلئے فائدہ مند ہو گا، ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، ریکوڈک منصوبے پر عملدرآمد کیلئے پراجیکٹ سپورٹ ٹیم قائم کی جائے اور تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔