سستا روسی تیل ملنے سے عوام کو فائدہ اور انرجی کی قیمتیں کم ہوں گی: مصدق ملک

Published On 31 May,2023 10:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے سستا تیل ملنے سے عوام کو فائدہ اور انرجی کی قیمتیں کم ہوں گی، ایک لاکھ ٹن کا کارگو آ رہا ہے، اگلے چھ سے دس دن تک دو جہاز آ رہے ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ" میں اظہار خیال کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا ہے کہ روسی منڈیوں تک رسائی اہم موڑ ہے، روس کے حوالے سے پاکستان بہترین راہداری کا کردار ادا کر سکتا ہے، ایک تہائی خام تیل روس سے اچھے نرخ پر لیں گے، سستا تیل لینے سے پاکستان کو فائدہ ہو گا۔

وزیر مملکت برائے پٹرولیم نے مزید کہا ہے کہ ہمیں سستا تیل، ڈیزل اور روس کو ایک نئی مارکیٹ ملے گی، اس ٹریڈ نے ایک راستہ کھول دیا ہے، پاکستان اور روس کے درمیان بڑی سطح پر تجارت ہو سکتی ہے، کسی بھی کرنسی میں پاکستان لین دین کرنے کیلئے تیار ہے۔

مصدق ملک نے کہا ہے کہ چین، اماراتی دینار، سعودی ریال میں تجارت ہو سکتی ہے، ڈالر میں ٹریڈ کرنے میں ہمیں کوئی آڑ نہیں، پاکستان اپنے معاہدے بین الاقوامی پس منظر میں کرتا ہے، پاکستان کوئی ایسی چیز نہیں کرے گا جس سے پاکستان پر پابندی لگنے کا احتمال ہو، روس سے تیل اچھے ریٹ پر مل رہا ہے۔
 

Advertisement