شیل کے شیئر کسی اور کے نام منتقل ہو رہے ہیں، پمپ اسی طرح کام کرینگے: اسحاق ڈار

Published On 17 June,2023 07:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ شیل کے حوالے سے کوئی فکر والی بات نہیں، شیل کمپنی کے شیئر کسی اور کے نام منتقل ہو رہے ہیں، شیل کے پمپ اسی طرح کام کریں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ فنڈز کی حکمت عملی کے تحت وزارت مالیات نے چینی بینکوں سے رابطہ کیا اور انہیں پیشکش کی کہ آپ کی ادائیگیاں وقت سے قبل کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران طے ہوا کہ وقت سے قبل ہونے والی ادائیگی کا جرمانہ بھی لاگو نہیں ہوگا، صرف جو رقم دینی ہے وہ دیں گے، اس طرح فاسٹ ٹریک پر دی گئی یہ پے منٹ پاکستان کو واپس مل گئی، پیر کو پے منٹ دی اور جمعہ کو واپس مل گئی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ دو ہفتے سے کم وقت رہ گیا ہے قرض کی تمام ادائیگیاں وقت پر ہوں گی ہمیں کوئی مشکل نہیں اس حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، چینی بینکوں کو 3 سو ملین ڈالرز کی ادائیگی بھی کر دی گئی ہے، چینی بینکوں سے 3 سو ملین ڈالرز پاکستان کو مل جائیں گے۔