اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس 5 جون کو ہوگا، 22 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا

Published On 02 June,2023 11:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس 5 جون کو ہوگا، اجلاس میں 22 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں حیدر آباد، سکھر موٹروے کیلئے 9.5 ارب روپے کی حکومتی گارنٹی کی منظوری پر غور ہوگا، نیو گوادر ایئرپورٹ منصوبے کے لیے بھی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی جائے گی۔

اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیلئے 12 کروڑ اور 14 کروڑ روپے گرانٹس کی منظوری دی جاسکتی ہے، وزارت انسانی حقوق کیلئے 11 کروڑ روپے کی گرانٹ پر غور ہوگا، وزارت اطلاعات و نشریات کیلئے 2.7 ارب کے اضافی فنڈز کی منظوری پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایف سی کیلئے اضافی فنڈز اور انسداد سمگلنگ کے لیے کوسٹل گارڈز بٹالین کی سمریاں پیش ہوں گی، اجلاس میں فاٹا میں نادرا کے پراجیکٹ کی سمری پر بھی غور ہو گا۔

اقوام متحدہ میں امن مشن دستوں کیلئے 47 کروڑ روپے کی گرانٹ، سانحہ سوات کے شہدا اور زخمیوں کے لیے فنڈز کی منظوری دی جائے گی، اجلاس میں پاسکو کے لیے خصوصی سمری پر بھی غور ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں 54 ادویات کی قیمتوں کے تعین کے لیے سمری پیش کی جائے گی، پی پی ایل اور سوکار کے درمیان معاہدے کی منظوری دی جائے گی جبکہ پاکستان پاورٹی پروگرام کی سمری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

اجلاس میں وزارت خزانہ کے لیے 9.1 ارب، پاکستان اٹامک انرجی کیلئے 4.8 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی جائے گی، نیکٹا کے لیے 11 کروڑ روپے گرانٹ کی سمری پیش اور این ڈی ایم اے کے ریلیف کے کاموں کیلئے 12 ارب روپے کی سمری منظور کی جائے گی۔

Advertisement