وزیر خزانہ کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس، 110 ارب روپے سے زائد کے منصوبے منظور

Published On 05 August,2023 08:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا جس میں 110 ارب روپے سے زائد کے مزید منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایکنک نے پنجاب میں ڈریمز پراجیکٹ ون منظور کر لیا، ڈریمز پراجیکٹ ماحولیات کی بہتری کیلئے ہے اور 64.48 ارب روپے منظور کیے گئے، وزیر اعظم کے سولر پروگرام میں اسلام آباد کو بھی شامل کرنے کی منظوری دیدی گئی۔

ایکنک نے کراچی کے مضافاتی علاقوں کی بہتری کیلئے 18.80 ارب، گلگت بلتستان میں دیہی ترقی کیلئے 16.26 ارب، سیالکوٹ سے امین آباد تک 65 کلومیٹر روڈ کی تعمیر کیلئے 10.28 ارب کے پراجیکٹس منظور کر لیے، اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔