اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئیسکو کو 25 جولائی تک وصولیوں سے متعلق تادیبی کارروائی سے کرنے سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کے تحت وصولیوں کے خلاف کیس کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے آئیسکو کو یکم جولائی سے 25 جولائی تک کی وصولیوں سے متعلق تادیبی کارروائی نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے دو صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا، صنعتکاروں نے 26 جولائی کے ٹیرف کو یکم جولائی سے نافذ العمل کرنے کا اقدام چیلنج کیا، عدالتی معاونت کے لئے آئندہ سماعت کے لئے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا گیا، عدالت نے وزارت توانائی، آئیسکو اور دیگر فریقین کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔
حکم نامہ کے مطابق درخواست گزار کی جانب سے وزارت قانون کے 26 جولائی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا، 26 جولائی کے نوٹیفکیشن کے مطابق اس کا اطلاق یکم جولائی سے کیا گیا، وکیل کے مطابق قانونی طور پر کسی ایسے نوٹیفکیشن کا اطلاق ماضی پر نہیں ہو سکتا۔
حکم نامہ میں مزید کہا گیا وکیل کے مطابق 26 جولائی کے نوٹیفکیشن کا اطلاق یکم سے 25 جولائی تک ریکوری نہیں کی جا سکتی، وکیل وقاص ملک اور طیبہ عباسی نے کیس کی پیروی کی۔