لاہور: (دنیا نیوز) موسم گرما میں بھی ایل پی جی مافیا سرگرم، غریب کا ایندھن ایل پی جی بھی پہنچ سے باہر ہوگیا۔
موسم گرما میں بھی ایل پی جی کی قیمتیں کنٹرول کرنا مشکل ہوگیا، ایل پی جی مافیا شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے، اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی فی کلو قیمت 240 روپے 38 پیسے مقرر کی گئی مگر شہر میں ایل پی جی 270 سے 280 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
ایل پی جی کی قیمتوں میں من چاہے اضافے سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔
رکشہ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ غریب کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہو چکا ہے، رکشہ چلا کر 20 ہزار بجلی کا بل ادا کریں، ایل پی جی خریدیں یا بچوں کیلئے روٹی، سمجھ نہیں آتی۔
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ گھروں میں گیس آتی نہیں مجبوراً ایل پی جی استعمال کرنا پڑتی ہے۔