وفاقی کابینہ نے بزنس، انویسٹر اور ورک ویزا پالیسی میں ترمیم کی منظوری دیدی

Published On 18 September,2023 10:33 pm

اسلام آباد: (جاوید حسین) وفاقی کابینہ نے بزنس، انویسٹر اور ورک ویزا پالیسی میں ترمیم کی منظوری دے دی، وفاقی کابینہ سے 103 ممالک کیلئے ویزا پالیسی میں ترمیم کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے لی گئی۔

ویزا پالیسی میں ترمیم سے بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے سہولت مل سکے گی۔

ذرائع کے مطابق سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کی سفارش پر ویزا پالیسی میں ترامیم تیار کی گئیں، ایس آئی ایف سی کی سفارش پر 6 ماہ کیلئے بزنس ویزا فوری طور پر جاری کیا جائے گا۔

پاکستانی مشن 5 سال کیلئے بزنس ویزا 24 گھنٹے میں جاری کرنے کے پابند ہوں گے، ایک سال کیلئے شارٹ ٹرم انویسٹر ویزا بھی 24 گھنٹے میں جاری کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ایس آئی ایف سی کی سفارش پر 3 سال کا انویسٹر ویزا 24 گھنٹے میں جاری کیا جائے گا، 5 سال کیلئے انویسٹر ویزا وزارت داخلہ 10 دن میں جاری کرنے کی پابند ہو گی۔

2 سال کیلئے ورک ویزا وزارت داخلہ سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد ایک ماہ میں جاری کرے گی۔