لاہور: (دنیا نیوز) حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر تیل کمپنیوں اور ڈیلرز کا مارجن مزید بڑھا دیا۔
ذرائع کے مطابق پٹرول اور ڈیزل پر مارجن میں 88 پیسے فی لیٹر مزید اضافہ کر دیا گیا ہے، تیل کمپنیوں کا مارجن 47 پیسے فی لیٹر بڑھا دیا گیا جبکہ ڈیلرز مارجن میں فی لیٹر 41 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پٹرول پر او ایم سی مارجن 6.47 روپے سے بڑھ کر 6.94 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل دونوں پر ڈیلرز مارجن 7.41 روپے سے بڑھ کر 7.82 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے جبکہ ڈیزل پر او ایم سی مارجن 6.70 روپے سے بڑھ کر 7.17 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
دستاویز کے مطابق حکومت نے پٹرول اورڈیزل پر فریٹ مارجن بھی بڑھا دیا، ڈیزل پر فریٹ مارجن 1 روپے 78 پیسے فی لیٹر اور پٹرول پر 16 پیسے فی لیٹر بڑھا دیا گیا۔
حکومت ڈیزل پر 65 روپے 70 پیسے فی لیٹر ٹیکسز اور 50 روپے فی لیٹر لیوی وصول کر رہی ہے، پٹرول پر 80 روپے 29 پیسے فی لیٹر ٹیکسز اور پٹرولیم لیوی 60 روپے فی لیٹر ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 16 ستمبر کو بھی پٹرول، ڈیزل پر او ایم سی اور ڈیلرز مارجن فی لیٹر 88 پیسے بڑھایا جا چکا ہے۔