لاہور: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد لاہور میں پمپ مالکان عوام کو ریلیف دینے میں رکاوٹ بن گئے۔
حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کے باوجود شہریوں کو ریلیف نہ مل سکا، صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں مالکان نے پمپ بند کر دیئے، گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، گڑھی شاہو، سمیت مختلف علاقوں میں پٹرول پمپ بند ہونے کی وجہ سے شہری پٹرول کے حصول کیلئے خوار ہونے لگے ہیں۔
واضح رہے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40 روپے تک کمی کا اعلان کیا گیا ہے، پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 40 روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 283 روپے 38 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔
ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 15 روپے فی لٹر کم کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 303 روپے 18 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 22 روپے 43 پیسے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 214 روپے 85 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد سے ہوگیا ہے۔