اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی) عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ملک بھر میں بھی آئندہ 15 روز کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے جس کے متعلق ورکنگ کر لی گئی ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 11 روپے فی لٹر تک کمی ہو سکتی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے فی لٹر کمی کی تجویز ہے اسی طرح مٹی کا تیل ساڑھے 7 روپے فی لٹر تک سستا ہونے کا امکان ہے۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت 13 روپے 76 پیسے فی لٹر تک کم ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 14 روز میں عالمی سطح پر ڈیزل کی قیمت 95 ڈالر فی بیرل تک رہی جبکہ عالمی منڈیوں میں پٹرول کی قیمت 81 ڈالر سے 86 ڈالر فی بیرل تک رہی ہے۔
اسی طرح برنٹ آئل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 74 ڈالر فی بیرل تک رہی، ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 179 روپے 69 پیسہ فی لٹر ہے، پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 170 روپے 73 پیسے فی لٹر ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری آج حکومت کو بھجوائی جائے گی، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی مشاورت سے وزیر خزانہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کریں گے۔