برطانیہ میں پاکستانی سفارتخانہ صنعتکاروں کو ہر طرح کی سہولیات دیگا: ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل

Published On 29 February,2024 05:00 pm

لندن(حسیب ارسلان) یو کے پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے برطانیہ کے دورہ پر آئے ہوئے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

عشائیہ کا اہتمام لندن میں موجود پاکستانی سفارتخانے میں کیا گیا، اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ہم پاکستانی وفد کو برطانیہ میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستانی سفارتخانہ صنعتکاروں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرے گا، حال ہی میں قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستان کا فٹبال استعمال ہوا جو سیالکوٹ میں بنا یہ پاکستان کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ سفارتخانے کی خواہش ہے کہ پاکستان کے اداروں کو منظم اور متحد ہونا چاہئے، سیالکوٹ کے طبی آلات کا متبادل پوری دنیا میں نہیں ہے۔

یوکے پاکستان بزنس کونسل کے صدر عطاء حق نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ پاکستان میں ایمزون کو اجازت نہیں مل سکی حالانکہ یہ بہت ضروری اور وقت کا تقاضا ہے، اس سے اقتصادی ترقی کا پہیہ رواں دواں ہو سکتا ہے، سیالکوٹ کی گارمنٹس، کھیلوں اور جراحی کے آلات کی برآمدات میں اضافہ ممکن ہے۔

عطاء حق نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں شفیق شہزاد بہت محنت کر رہے ہیں جو قابل تحسین ہے، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان بزنس اشتراک ضروری ہے۔

وفد کے سربراہ اکرام الحق نے کہا کہ سیالکوٹ کی تاریخ میں پہلا وفد برطانیہ پہنچا ہے، اوورسیز پاکستانی ہماری جان ہیں، وفد میں دس افراد شامل ہیں جو کھیلوں، طبی آلات، گارمنٹس اور چمڑے کی صنعت سے تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکاٹش بینڈ مکمل سیالکوٹ میں بنا کر دنیا میں ایکسپورٹ کیا جاتا ہے، سیالکوٹ کی مصنوعات 140ملکوں میں ایکسپورٹ کی جاتی ہیں، پاکستان میں مستحکم حکومت کی ضرورت ہے، پاکستان اور برآمدات کے لئے ہمیشہ ہر حکومت سے تعاون کیا ہے۔

اکرام الحق نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم بہت کم ہے جس کو بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستانی برآمدات کو بڑھانے کے ضرورت ہے اور موجودہ دورہ سے بہت فائدہ ہو گا، پاکستانی وفد لندن کے بعد مانچسٹر کا بھی دورہ کرے گا۔

پاکستانی سفارتخانے کے منسٹر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ شفیق احمد شہزاد نے کہا کہ پاکستان کے لئے کھیلوں کا سامان برآمد کرنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر کے وفد کی برطانیہ آمد پر دلی مسرت ہوئی اور ہم چاہتے ہیں کہ سیالکوٹ چیمبر کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جائے۔

شفیق احمد شہزاد نے کہا کہ اس سلسلہ میں پاکستان ہائی کمدشن نہ صرف لندن بلکہ برطانیہ کے دیگر مختلف شہروں میں سیالکوٹ چیمبر کے روڈ شوز اور تقاریب کا اہتمام کرے گا جن میں پاکستان میں بننے والی کھیلوں کی اشیاء کی نمائش اور ان کی خرید و فروخت کو یقینی بنایا جائے گا۔

شفیق شہزاد نے مزید کہا کہ یوکے پاکستان بزنس کونسل پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے جو قابل ستائش ہے۔

اس موقع پر سینئر بورڈ ممبر انصر محمود چودھری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سیالکوٹ چیمبر کو خوش آمدید کہا اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا، انہوں کہا کہ اگر سیالکوٹ چیمبر کو برطانیہ میں کسی بھی حوالے سے قانونی مشورے یا مدد کی ضرورت ہو گی تو اس معاملہ میں بھی یو کے پاکستان بزنس کونسل بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

اس موقع پر دستاویزی فلم دکھائی گئی اور وفد کے ارکان کو یادگاری شیلڈز دی گئیں۔