کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ فنانشل آگاہی سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا۔
سٹیٹ بینک میں مالیاتی امور کی آگاہی سے متعلق تقریب سے ڈیجیٹل لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی مرتبہ اس طرح کے ایونٹ پر خوشی ہے، ہمارا مقصد ہے کہ اپنے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنائیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ لوگوں کی فنانشل آگاہی سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا، فنانشل تعلیم عام کرنے سے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جبکہ تعلیمی اداروں کو بھی فنانشل لٹریسی پر توجہ دینا ہوگی۔
جمیل احمد نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک تعلیمی اداروں کے ساتھ فنانشل لٹریسی پر کام کررہا ہے جس میں خاص طور پر خواتین میں فنانشل آگاہی پر توجہ مرکوز ہے، ملکی معیشت کی سسٹین ایبل گروتھ کے لیے خواتین کی شمولیت ضروری ہے۔
گورنر سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ آسان ڈیجیٹل اکاؤنٹ، راست اور دیگر سروسز اسی کا تسلسل ہیں، جون 2023 تک پاکستان کے 60 فیصد لوگوں کے پاس بینک اکاؤنٹ موجود تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فنانشل تعلیم کے ذریعے لوگوں کو نئی اور بہتر سرمایہ کاری کے طرف راغب کیا جاسکتا ہے، ہماری اولین ترجیح ہے کہ لوگ سمارٹ فونز کے ذریعے فنانشل ٹرانسیکشن کی طرف آئیں۔