لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے آئندہ برس تک مہنگائی میں کمی کا عندیہ دے دیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن و وفاقی وزیر رانا تنویر کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ برس مشکل ہے اس کے بعد مہنگائی کم ہو جائے گی، امید ہے 2025 کے آخر تک مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر لے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے رمضان ریلیف پیکیج بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کر دیا، رمضان پیکیج میں 19اشیاء دی جا رہی ہیں، رمضان میں ریلیف فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، پنجاب میں مریم نواز نے رمضان نگہبان پیکیج شروع کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کا سلسلہ ابھی چل رہا ہے، یوٹیلیٹی سٹورز پر کم قیمت پر اچھی کوالٹی کی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا آدھی قیمت پر مل رہا ہے، یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے کی قیمت 1300 کی بجائے 600 روپے وصول کی جارہی ہے، چینی کی قیمت میں 44 روپے فی کلو کمی کی ہے۔
رانا تنویر کا مزید کہنا تھا کہ رمضان کے بعد وزیراعظم سے بات کروں گا کہ سبسڈی بڑھا کر وافر مقدار میں لوگوں تک یہ سہولت فراہم کی جائے۔