اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے گیس کی قیمت میں حالیہ اضافے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے اوگرا اور گیس کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر اعظم نے وزارت توانائی کو ایک سے 3 ماہ میں 16 ٹاسک مکمل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
ایک ماہ میں گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے فرانزک آڈٹ کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
شہباز شریف نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی مانیٹرنگ کیلئے فوری طور پر بین الوزارتی کمیشن قائم کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ایک ماہ میں سرپلس بجلی کو کھپانے کیلئے نئے انڈسٹریل زون تیار کرنے کا پلان پیش کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
وزیراعظم نے دو ہفتوں میں پاور اور پٹرولیم ڈویژن کو گردشی قرض کا حل نکالنے کی ہدایت جبکہ دو ہفتوں میں گیس انفراسٹریکچر، گیس چوری اور ناقص کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔