لاہور:(دنیا نیوز) سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے ایک ہی سال میں گیس کی قیمتوں میں تیسرا بڑا اضافہ مانگ لیا۔
ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن کمپنی نے گیس کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 4489 روپے تجویز کی ہے، گیس کی قیمت بڑھنے سے بلوں میں اوسطا 155 فیصد تک مزید اضافہ ہو گا، اس سے پہلے ایک سال میں گیس کی قیمت میں 600 فیصد تک اضافہ ہو چکاہے تاہم نیا اضافہ یکم جولائی سے لاگو ہو گا۔
گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں کل سماعت ہو گی، گیس قیمتوں میں 155 فیصد اضافہ کرنا ہے یا نہیں تمام سٹیک ہولڈرز کا مؤقف سننے کے بعد فیصلہ کیا جائےگا۔
دوسری جانب لاہورچیمبرز اور اپٹمانے گیس ٹیرف میں مزیداضافےکوظلم زیادتی قراردیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ کل کی سماعت میں اس کی شدید مخالفت کی جائے گی۔
نائب صدر لاہورچیمبر عدنان بٹ کا کہنا ہے کہ گیس قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں، پہلےہی گیس دنیا بھر کے مقابلے میں یہاں مہنگی ہے، مزیدگیس مہنگی ہوئی توفیکٹریاں بند ہو جائیں گی۔
ادھراپٹما رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن حکام سے پوچھا جائےان کی کیا کارکردگی ہے، ہم تو گیس بجلی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کررہے ہیں اسے کم کیا جانا چاہئے۔