واشنگٹن: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف سمیت تمام مالیاتی اداروں سے بات چیت کو مثبت قرار دیا۔
چینی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ مختلف عالمی اداروں کے ساتھ ملکر متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، پاکستان کم ازکم 6 ارب ڈالر کا نیا پروگرام لے گا، قرض پر اتفاق ہوا تو اضافی فنانسنگ کی بھی درخواست کریں گے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی استحکام کیلئے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور ٹیکس نیٹ کو بڑھانے پر توجہ مرکوز ہے اور اس حوالے سے اخراجات میں کمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر خزانہ کی چینی ہم منصب سے ملاقات، سی پیک فیز 2 میں تیزی لانے کا عزم
وزیر خزانہ نے کہا کہ رواں سال یا اگلے مالی سال کے دوران بڑا خطرہ نظر نہیں آ رہا، چین نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں بھرپور ساتھ دیا ہے، سی پیک چین کی طرف سے شاندار منصوبہ ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان بے حد متاثر ہوا ہے۔