مشکل معاشی صورتحال، حکومت 8ماہ میں صرف251ارب خرچ کرسکی: وزارت خزانہ

Published On 30 April,2024 03:57 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) مشکل معاشی صورتحال میں حکومت جولائی سے فروری تک صرف 251 ارب روپے خرچ کر سکی۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی نسبت رواں مالی سال کے دوران 25 ارب روپے کم خرچ ہو سکے، کم بجٹ جاری ہونے کے باعث ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ ہونے کا خدشہ پیداہو گیا۔

ذرائع پلاننگ کمیشن نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں کیلئے بجٹ میں 12.3 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی جبکہ زیادہ شرح سود کے باعث نجی شعبے کو قرض فراہمی کی شرح میں گزشتہ سال کی نسبت 54 فیصد کمی آئی، نجی شعبے کو گزشتہ مالی سال 192 ارب قرض ملا جو رواں مالی سال کم ہو کر 88 ارب تک محدود رہا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ گزشتہ مالی سال جولائی سے اپریل تک پالیسی ریٹ 20 فیصد تھا جو رواں مالی سال 22 فیصد ریکارڈ ہوا، گزشتہ مالی سال کی نسبت رواں مالی سال کے دوران ترسیلات زر، ایف بی آر محصولات میں اضافہ ہوا، رواں مالی سال جولائی سے مارچ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 0.5 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 4.1 ارب ڈالر ریکارڈ ہوا تھا، رواں مالی سال کے دوران ایف بی آر محصولات میں ابھی تک 30.2 فیصد گروتھ ریکارڈ ہوئی جبکہ اپریل کے دوران مہنگائی کی سالانہ شرح 18.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔