خیبر پختونخوا میں بین الاقوامی معیار کی منرل کمپنی کے قیام کا اصولی فیصلہ

Published On 04 May,2024 04:38 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ معدنیات و معدنی ترقی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں بین الاقوامی معیار کی منرل کمپنی کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا، پشاور میں تمام سہولیات سے آراستہ جیمز اینڈ جیولری سٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے زیر صدارت اجلاس میں معدنیات کے شعبے کے بہتر انتظام و انصرام کے لئے ریگولیٹری میکنزم موثر بنانے اور اس مقصد کے لئے متعلقہ قوانین اور قواعد و ضوابط میں ضروری ترامیم کا فیصلہ کیا گیا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کان کنی کے روایتی طریقے سے قیمتی معدنی وسائل کا ضیاع ہو رہا ہے، اس طریقے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبے میں غیر قانونی مائننگ کو روکنے کے لئے سخت اقدامات اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا۔