اسلام آباد:(دنیا نیوز) آئی ایم ایف نے ڈومور کا مطالبہ کردیا، پاکستان کو اربوں روپے کی ٹیکس چھوٹ بتدریج ختم کرنے کی ہدایت کردی۔
بجٹ 25- 2024 کی تیاریاں جاری ہیں، ایف بی آر نے آئندہ بجٹ میں سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی رعایتیں اور چھوٹ مرحلہ وار ختم کرنے کی تجویز پیش کر دی۔
ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں امپورٹڈ ٹریکٹرز پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے جبکہ کمرشل امپورٹرز پر ودہولڈنگ ٹیکس لگانےپر غور کیا جارہا ہے اور کمرشل امپورٹرز پر 1 فیصد ٹیکس لگانے سےسالانہ 25 ارب روپے تک ریونیو متوقع ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بجٹ میں ٹریکٹرز، کیڑے مار ادویات پر ٹیکس چھوٹ ختم کیے جانے کا امکان ہے ، ٹیکس چھوٹ ختم ہونے سے آئندہ مالی سال 30ارب روپے کا ٹیکس ریونیو متوقع ہے، ٹریکٹرز اور کیڑے مارادویات پر ٹیکس استثنیٰ کے خاتمے سے زرعی لاگت مزیدبڑھ جائے گی۔
واضح رہے آئندہ بجٹ میں بجلی اور گیس کے بلوں میں دی جانے والی سبسڈی کو بھی ختم کیا جارہاہے۔