اسلام آباد: (دنیا نیوز) ٹیکس سسٹم کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لئے ایف بی آر، وزارت خزانہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کارانداز اور کنسلٹنگ فرم کے حکام نے شرکت کی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ٹیکس سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن ٹیکس وصولی کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے شفافیت اور محصولات میں اضافہ ہوگا، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن حکومت کی ایک اہم ترجیح ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ اس شراکت داری سے ٹیکس وصولی کے نظام میں مزید بہتری آئے گی، اس اقدام سے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے کہا کہ ایف بی آر اپنے آپریشنز کو جدید بنانے کے لئے پُرعزم ہے، منصوبہ شفافیت اور کارکردگی کے اہداف اور عوام کی بہتر خدمت کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
چیف ایگزیکٹو کارانداز وقاص الحسن نے کہا کہ یہ شراکت داری ایف بی آر کو اپنی ڈیجیٹل حکمت عملی کے نفاذ اور عمل درآمد میں مدد دے گی، چیف ایگزیکٹو کارانداز کی طرف سے اس منصوبے کے لئے مالی امداد فراہم کرنے پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا گیا۔