اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے معاشی مستقبل کیلئے ایک مضبوط پارٹنر ہے۔
ترجمان امریکی سفارتخانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی جس میں پاک امریکا تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کے اہم پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کیلئے جاری امریکی حمایت پر روشنی ڈالی۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تکنیکی اور ترقیاتی اقدامات میں کام کرنے کیلئے پرعزم ہے، امریکا پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ اور پاکستان کے معاشی مستقبل کیلئے ایک مضبوط پارٹنر ہے۔