ہیوسٹن: (دنیا نیوز) پہلے میچ میں بڑے اپ سیٹ کے بعد امریکا نے بنگلا دیش کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق دو روز قبل بھی امریکا نے کرکٹ کی تاریخ میں بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے ورلڈ کلاس ٹیم بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی تاہم میزبان نے جیت کی روایت برقرار رکھتے ہوئے دوسرے میچ میں بھی کامیابی حاصل کر کے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
امریکی شہر ہیوسٹن میں کھیلے گئے 3 میچز کے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں امریکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 144رنز بنائے، مونانک پٹیل نے 42، ایرن جونس نے 35 اور سٹیون ٹیلر نے 31 رنز کی اننگز کھیلی، بنگلادیش کی جانب سے ارشاد حسین، شرف الاسلام اور مستفیض الرحمان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی ٹیم 138 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی، نجم الحسین 36 اور شکیب الحسن 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، یوں امریکا نے بنگلاد یش کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی 6 رنز سے شکست دے دی، امریکا کی جانب سے علی خان نے 25 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، سوراب اور شیڈلے نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ امریکا کو تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہو گئی ہے، امریکا نے بنگلا دیش کو سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی ٹاپ ٹین رینکنگ کی ٹیم کیخلاف امریکا نے پہلی فتح حاصل کی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی کل کھیلا جائے گا۔