شاہد آفریدی ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے آئی سی سی کے سفیر مقرر

Published On 24 May,2024 03:35 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی آئندہ ماہ شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سفیر مقرر ہو گئے۔

آئی سی سی نے شاہد آفریدی کو ٹورنامنٹ ایمبیسیڈرز کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے کیونکہ شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے رکن اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ تھے۔

شاہد آفریدی کے علاوہ آئی سی سی نے بھارتی کھلاڑی یوراج سنگھ، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور دنیا کے تیز ترین ایتھلیٹ یوسین بولٹ کو بھی سفیر مقرر کیا ہے۔

اس حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میرے دل کے بہت قریب ہے، پہلے ورلڈ کپ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ رہا، 2009 میں ٹرافی جیتی اور یہ میرے کیریئر کے قابل ذکر لمحات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں 9 جون کو پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے پرجوش ہوں، یہ ایک دو بڑے حریفوں کا مقابلہ ہے اور نیویارک میں اس کو کوئی مس نہیں کرے گا۔