اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کسٹمز نے ورلڈ بینک کے مالی تعاون سے شروع ہونے والے پراجیکٹ میں اہم پیش رفت حاصل کر لی۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عالمی بینک کے مالی تعاون سے کسٹمز کے بنیادی فنکشنز کی بزنس پراسسنگ میپنگ مکمل کر لی گئی، مقامی طور پر تیار کردہ وی بوک سسٹم ایف بی آر کو سالانہ ہدف کے 45 فیصد سے بھی زیادہ محصولات جمع کرنے کے قابل بناتا ہے، اس سسٹم کی بدولت درآمدات، برآمدات اور ٹرانزٹ ٹریڈ کو پیپر لیس ماحول میں ہینڈل کیا جاتا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق پاکستان کسٹمز بڑھتی ہوئی سرحد پار تجارت اور ٹرانزٹ سپلائی چین کی عالمگیریت اور نئی ٹیکنالوجیز کے چیلنجز سے آگاہ ہے، پاکستان کسٹمز کا روایتی کردار اب تجارتی سہولت کاری، علاقائی روابط، بارڈر کنٹرول اور اقتصادی ترقی میں تبدیل ہو رہا ہے، منصوبے کے اگلے مرحلے میں میپنگ کے عمل کو عالمی معیارات کے مطابق ری ڈیزائن کیا جائے گا۔
ایف بی آر نے مزید بتایا کہ منصوبہ پاکستان کسٹمز کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے اور آپریشنل ماڈل کو ازسر نو ترتیب دے گا، رسک مینجمنٹ اور کلیئرنس کے بعد آڈٹ کی صلاحیت کی اپ گریڈیشن سے وسائل کا رخ زیادہ اہم کاموں کی طرف موڑا جا سکے گا، منصوبہ میں جدید ترین ہائپر آٹو میشن ٹولز کی تنصیب شامل ہے، کسٹمز کے نئے جامع ڈیجیٹل سسٹم سے کاروبار کرنے میں آسانیاں مہیا کی جا سکیں گی۔