اسلام آباد: (مریم الہٰی) انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت نان فائلرز کی موبائل فون سمز بند کرنے کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا۔
جوائنٹ ورکنگ گروپ میں تمام متعلقہ اداروں اور کمپنیوں کے ماہرین شامل ہیں، انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 114 بی کے تحت نان فائلرز کیخلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔
ایف بی آر، پی ٹی اے اور ٹیلی کمیونی کیشن کمپنیوں کے نمائندگان انکم ٹیکس جنرل آرڈر پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے۔
جوائنٹ ورکنگ گروپ میں ایف بی آر کے 5، پی ٹی اے کے 2، یوفون کے 4، ٹیلی نار کے 3 اور جاز کے 4 ماہرین شامل ہیں، ایف بی آر کے ممبر آئی آر بادشاہ خان وزیر اور ارشد چیمہ بھی ورکنگ گروپ میں شامل ہیں۔
پی ٹی اے کے ڈائریکٹر انفورسمنٹ کاشف غضنفر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سہیل محمود بھی ورکنگ گروپ کا حصہ ہیں اسی طرح ورکنگ گروپ میں ریگولیشن، لیٹیگیشن اور ٹیکس ایڈووکیسی کے ماہرین بھی شامل کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ نان فائلرز کی موبائل سمز بند کرنے کیلئے انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کیا گیا تھا، 5 لاکھ 6 ہزار سمز بلاک کرنے کا ڈیٹا ایف بی آر نے پی ٹی اے کے حوالے کیا، ان افراد کے نام ویب سائٹ پر ڈال دیئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ ایف بی آر کی جانب سے آئی ایم ایف کو ٹیکس نیٹ وسیع کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی جس کے باعث نان ایکٹو ٹیکس پیئرز کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔