ایکسپورٹ میں اضافے کے ساتھ پنجاب کی معاشی ترقی کیلئے کوشاں ہیں : مریم نواز

Published On 30 May,2024 03:59 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کی ایکسپورٹ میں اضافے کے رحجان پر پیشرفت تسلی بخش ہے، پنجاب کی معاشی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے شیخوپورہ قائداعظم بزنس پارک کا دورہ کیا ، قائد اعظم بزنس پارک میں گارمنٹس سٹی پلگ اینڈ پلے بنانے کےمنصوبے کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گارمنٹس سٹی بننے سے ایک لاکھ روزگار اور وویمن ایمپاورمنٹ میں مدد ملے گی، پنجاب میں مثالی اور بہترین گارمنٹس سٹی قائم کررہے ہیں ، لیبر کالونی اور ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کے قیام کی تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا ۔

مریم نواز نے بزنس پارک کی رابطہ سڑک ایک ماہ میں مکمل کرنے اور پارک میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کی ہدایت بھی کی ، رابطہ سڑکوں کی تکمیل سے آسان رسائی کے لئے موٹر وے انٹر چینج بنانے کے لئے فوری اقدامات کے احکامات بھی دیئے۔

انہوں نے امن امان کےایشوز پر فوری طور پر آرپی او کو طلب کرلیا اورفوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے شیخو پورہ میں امن وامان کی بہتری کےلئے دس دن کی مہلت دی ۔

وزیر اعلیٰ کا پارک کے احاطے میں پودا بھی لگاتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ایکسپورٹ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کےلئے بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، ایکسپورٹ میں اضافے کے رحجان پر پیشرفت تسلی بخش ہے، پنجاب کی معاشی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔