ہر وزارت کو اہداف دیئے تاکہ غریب پرمہنگائی کا بوجھ کم ہو: مصدق ملک

Published On 01 June,2024 03:48 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ ہر وزارت کو اہداف دیئے تاکہ غریب آدمی پرمہنگائی کا بوجھ کم ہو۔

وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہےکہ ہدف میں غریبوں کی مدد کرنا اور ان پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنا ہے، وزیراعظم کہتے ہیں غریب آدمی کاکیا قصور ہے، غریب آدمی مہنگائی کے بوجھ تلے دبتا جارہاہے، بین الاقوامی سطح پر قیمتیں بڑھی ہیں جس کا ہمیں بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم کی کوشش ہے کہ غریب کا بچہ جب پڑھ کر نکلے تو اس ملک میں اُس کیلئے نوکری ہو، راستے میں بہت مشکلات آئیں، ہم ایک دوسرے کو موردالزام ٹھہراتے رہے، تمام مشکلات کے باوجود ہم اہداف پورا کرنے کی طرف گامزن ہیں، مہنگائی کی شرح 37فیصد سے کم ہوکر 17 فیصد پر آگئی ہے۔

مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں ، کوشش کررہے ہیں بجٹ میں عوام کو ریلیف ملے ، تجارتی خسارے میں کمی سے ڈالر کی قیمت میں استحکام آیا ہے، تجارتی خسارہ 4ارب ڈالر سے کم ہو کر20کروڑ ڈالر رہ گیا جبکہ فوڈ انفلیشن40 سے کم ہو کر 11 فیصد پر آ چکی ہے۔