مالی سال 25-2024 کیلئے آج پنجاب کا تاریخی بجٹ پیش کیا جائے گا

Published On 13 June,2024 11:24 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مالی سال 25-2024 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا جس کا کل حجم 5446 ارب روپے ہونے کا امکان ہے۔

وفاق سے 3700 ارب ملنے کا امکان

دنیا نیوز کو موصول ہونے والی بجٹ دستاویزات کے مطابق صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان بجٹ پیش کریں گے، محکمہ خزانہ پنجاب کو 3700 ارب وفاق سے این ایف سی کے تحت ملنے کی امید ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب میں ذرائع آمدن کی مد میں محصولات کا ہدف ایک ہزار 26 ارب روپے ہو گا اور تنخواہوں کی مد میں 595 ارب اور پنشن کی مد میں 445 ارب روپے رکھے جائیں گے جبکہ سروس ڈیلیوری اخراجات کا تخمینہ 840 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

ترقیاتی بجٹ کیلئے 842 ارب مختص
ترقیاتی بجٹ کا حجم 842 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، لاہور رمضان پیکیج کیلئے 30 ارب، سی بی ڈی کو 8 ارب دیئے جائیں گے جبکہ آئندہ مالی سال میں 1863 سکیموں کو مکمل کیا جائیگا۔

روڈ سیکٹر سکیموں کیلئے تاریخ ساز بجٹ
آئندہ مالی سال میں 1617 جاری جبکہ 246 نئی سکیمیں مکمل کرنے کی تجویز ہے، سب سے زیادہ بجٹ روڈ سیکٹر سکیموں کے لیے 1 کھرب 21 ارب 74 کروڑ 60 لاکھ مختص کیا گیا ہے۔

تعلیم و کھیل
بجٹ میں سپیشل ایجوکیشن کے لیے 2 ارب، لٹریسی و نان فارمل ایجوکیشن کیلئے 3 ارب 50 کروڑ مختص کیے گئے ہیں جبکہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئر کے لیے 4 ارب 87 کروڑ 50 لاکھ مختص کرنے کی تجویز ہے۔

صحت
ذرائع کے مطابق سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کیلئے 76 ارب 61 کروڑ 50 لاکھ اور پرائمری ہیلتھ کیئر کے لیے 33 ارب 89 کروڑ 70 لاکھ مختص ہوں گے، پاپولیشن ویلفیئر کیلئے 3 ارب، واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کیلئے 8 ارب 9 کروڑ 90 لاکھ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سوشل ویلفیئر
سوشل ویلفیئر کیلئے ایک ارب 5 کروڑ 79 لاکھ ، وومن ڈیویلپمنٹ کیلئے 92 کروڑ 60 لاکھ مختص ہوں گے، اسی طرح لوکل گورنمنٹ کیلئے 14 ارب 4 کروڑ 80 لاکھ رکھنے کی تجویز ہے۔

پولیس
ذرائع کے مطابق بجٹ میں محکمہ پولیس کے لئے ایک کھرب 87 ارب 36 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، انڈسٹری اینڈ کامرس کے لیے 24 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

زراعت، ایریگیشن
محکمہ زراعت کے لئے 1 کھرب 70 ارب 19 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال زراعت کے لئے 79 ارب روپے تھے اسی طرح محکمہ ایریگیشن کے لیے 63 ارب 16 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال ایریگیشن کے لیے 52 ارب کا بجٹ تھا۔

لائیو سٹاک
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک کے لیے 29 ارب 52 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، گزشتہ سال لائیو سٹاک کے لیے 21 ارب 54 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے لیے 3 کھرب 6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، گزشتہ سال پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا بجٹ 1 کھرب 21 ارب تھا۔

واضح رہے کہ مختص بجٹ کی حتمی منظوری اسمبلی اجلاس سے پہلے صوبائی کابینہ دے گی۔