اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے پاکستان کے سی ای او ایتھن سن نے ملاقات کی، ملاقات میں ڈیجیٹلائزیشن، آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر، سکلز ڈویلپمنٹ پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزارت آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہاکہ موجودہ حکومت انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے تحت نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں ٹریننگ دے رہے ہیں، اس حوالے سے ہواوے کا بڑا اہم کردار ہے، ہواوے اسلام آباد ڈیجیٹلائزیشن پراجیکٹ میں کردار ادا کرے، ہواوے سکولز، کالجز، یونیورسٹیوں کے ٹیچرز اور سٹوڈنٹس کو ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کرنے کے لئے پروگرام شروع کرے، ہواوے گورنمنٹ ایمپلائز کے لئے بھی ٹریننگ پروگرام شروع کرے۔
انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ ہواوے ون سٹاپ سروس پلیٹ فارم لانچ کرنے میں معاونت کرے جس کے ذریعے کاروبار کی رجسٹریشن میں آسانی ہو بلکہ عام آدمی کو تیز ترین سہولیات پہنچائی جائیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان میں چینی شہریوں کے تحفظ پر خصوصی توجہ مرکوز ہے، اس حوالے سے ہواوے پاکستان میں سیف سٹیز کے قیام میں تعاون کرے، ملاقات میں دور دراز علاقوں خصوصا آزاد کشمیر کے لوگوں کے لئے سمارٹ ہیلتھ کیئر پروگرام شروع کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔
سی ای او ہواوے نے کہا کہ ہواوے پاکستان میں آئی سی ٹی اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔