شرجیل میمن سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات، سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت

Published On 13 June,2024 06:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے چینی قونصل جنرل یان یونڈونگ نے ملاقات کی، ملاقات میں پاک چین مثالی دوستی، دو طرفہ تعلقات، باہمی مفادات، سی پیک منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین، صوبے میں جاری حکومت سندھ اور چین کے مشترکہ منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی، کراچی میں سرکلر ریلوے سمیت ٹرانسپورٹ کے منصوبوں اور دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

چینی قونصل جنرل نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو چین کی نئی حکومت کے اقدامات سے متعلق بتایا، چینی قونصل جنرل نے کہا کہ سی پیک کے لئے سندھ کا کردار بہت اہم ہے، سی پیک چین اور پاکستان دونوں ملکوں کے مفادات کے مطابق ہے، حکومت سندھ کی جانب سے ماس ٹرانزٹ کے منصوبے قابل ستائش ہیں۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے چینی قونصل جنرل کو اپنی وزارتوں کے حوالے سے آگہی دی، چینی حکومت اور تاجروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، شرجیل انعام میمن نے سندھ میں چینی حکومت اور تاجروں کی جانب سے مینوفیکچرنگ پلانٹس لگانے کی بھی دعوت دی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ صوبے میں چینی حکومت کے تعاون سے مشترکہ منصوبے شروع کرنا چاہتی ہے، چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کو یقینی بنایا جائے گا، ان کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن سندھ میں چین کے پلانٹس کا قیام چین و پاکستان کے مفادات کے لئے بہت اہمیت کے حامل ہوں گے، حکومت پاکستان، خاص طور پر حکومت سندھ چین کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے چینی حکومت کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ چینی سرمایہ کار سندھ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں خاص طور پر سرمایہ کاری کریں، سی پیک منصوبہ صدر آصف علی زرداری کی کاوشوں کی وجہ سے شروع ہوا، صدر آصف علی زرداری ذاتی طور پر کراچی سرکلر ریلوے منصوبے پر بھی توجہ دے رہے ہیں، چینی شہریوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے چینی قونصل جنرل کو اجرک اور ٹوپی کا تحفہ بھی پیش کیا۔