کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر 2 نوجوانوں کو گولیاں مار دیں، مبینہ پولیس مقابلے اور شہریوں کے تشدد سے 3 ڈاکو ہلاک جبکہ 3 ملزم بھی گرفتار کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے راہ چلتے 2 نوجوان کو روک پر اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کر دی اس دوران نوجوانوں نے ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔
ڈاکوؤں کی گولیاں لگنے سے ایک نوجوان موقع پر دم توڑ گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمی نوجوان کا علاج جاری ہے۔
مرنے والے نوجوان کی شناخت گلزار کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی نوجوان کا نام معاویہ بتایا گیا ہے، پولیس نے تفتیش کا آغاز کر کے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے، رواں سال کراچی میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی مجموعی تعداد 76 ہو گئی ہے۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز سیون میں پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو مارے گئے، ڈاکوؤں کی شناخت ذوالفقار اور پیارو سولنگی کے ناموں سے ہوئی، ملزم قتل، سٹریٹ کرائم اور گاڑیوں کی وارداتوں میں ملوث تھے، پولیس نے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کر لی۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں شہریوں کو لوٹنے والا ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا جو تشدد کی وجہ سے دم توڑ گیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ڈاکو کی لاش تحویل میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا جبکہ ایک ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا، ملزم سے اسلحہ، چھینا ہوا موبائل فون برآمد کر لیا۔
ادھر کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی میں پولیس موبائل میں آنے والے سادہ لباس افراد نے پان کا کیبن لوٹ لیا، واقعے کی سی سی ٹی سی فوٹیج بھی سامنے آ گئی جس کی روشنی میں پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب لاڑکانہ کے علاقے بقاپور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا، حراست میں لیے گئے ملزموں کیخلاف 40 سے زائد مقدمات درج ہیں، پولیس نے تھانے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔