مریدکے: دو گروپوں میں مسلح تصادم، 3 افراد زخمی، اوکاڑہ میں بیوی کا قاتل گرفتار

Published On 13 June,2024 05:34 am

مریدکے: (دنیا نیوز) مریدکے میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہو گئے، اوکاڑہ میں بیوی کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق 2 گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کا واقعہ مریدکے کے علاقے ڈاہراں والا میں پیش آیا جہاں کسی بات کی رنجش پر 2 گروپ آمنے سامنے آ گئے اور ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کر دی، اس دوران گولیاں لگنے سے 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

دوسری جانب پاکپتن کے علاقے نواحی گاؤں میں خاتون کے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا، مقتولہ کو اس کے اپنے شوہر نے گھریلو جھگڑے پر قینچی کے وار سے موت کے گھاٹ اتارا اور پولیس کو ڈکیتی کی اطلاع کر دی، پولیس نے شک گزرنے پر تفتیش کی تو ملزم نے سچ اگل دیا۔