کراچی: ڈاکو بکروں کا ٹرک چھین کر فرار، مبینہ مقابلے، 4 ملزم گرفتار

Published On 12 June,2024 07:50 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈاکو بکروں سے بھرا ٹرک چھین کر فرار، مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 ملزم گرفتار جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب مسلح افراد حیدر آباد سے فروخت کیلئے لائے گئے بکروں کا ٹرک بیوپاریوں سے چھین کر فرار ہو گئے، پولیس نے متاثرہ افراد کی درخواست پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے سعید آباد گلشن غازی موڑ پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اس دوران گولیاں لگنے سے راہ گیر شہری زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے ایک ڈاکو کو بھی حراست میں لے لیا، ملزم سے اسلحہ برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا۔

ادھر کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں بھی پولیس کا ڈاکوؤں کے ساتھ سامنا ہو گیا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے جنہیں گرفتار کر لیا گیا، ملزموں سے چھینے ہوئے موبائل اور اسلحہ برآمد کر لیا، پولیس نے ملزموں سے تفتیش شروع کر دی۔

سندھ کے علاقے دوڑ میں ساٹھ میل لنک روڈ پر پولیس نے مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جس کی شناخت غلام قادر چانڈیو سکنہ سکرند کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی ڈاکو کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، گرفتار ملزم سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، گرفتار ڈاکو سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔