کراچی: (دنیانیوز) پاکستان رینجرزسندھ اورایس آئی یو نے خفیہ معلومات کی بنیاد پرمشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چیل چوک کلا کوٹ لیاری سےگینگ وارکمانڈر احمدعلی مگسی گروپ کا انتہائی مطلوب ملزم سہیل احمد گرفتار کرلیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزم سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور آوان بم برآمد ہوا ہے ، ملزم 2010 میں لیاری گینگ وار کمانڈر احمد علی مگسی کے گروپ میں شامل ہوا اور 2010سے 2014تک احمد علی مگسی کاجوئے اور سٹے کا اڈہ چلاتا رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ 2014میں ملزم کو صادق بلوچ نے احمد علی مگسی کی ہدایت پر سپاری کمپنی میں نوکری پر لگوایا، کمپنی کاتمام کنٹرول احمد علی مگسی کے کارندے سنبھال رہے ہیں، ملزم 2010سے 2014تک سلمان چیئرمین کی بلڈنگ میں لیاری گینگ وار کمانڈر احمد علی مگسی کے واقع ٹارچر سیل میں ڈیوٹی سرانجام دیتا رہا، ٹارچر سیل میں مغویوں کو لایا جاتا،تشددکےبعدقتل کر کےلاشوں کو مختلف علاقوں میں پھینک دیاجاتاتھا۔
ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ لیاری آپریشن شروع ہونے کے بعد ملزم گرفتاری سے بچنے کے لئے بیرون ملک فرار ہو گیاتھا، کچھ عرصہ قبل واپس آکر احمد علی مگسی کانیٹ ورک بحال کر رہاتھا.
ترجمان کے مطابق ملزم احمد علی مگسی سے بیرون ملک براہ راست رابطے میں تھا اور بھتہ جمع کرنے والوں سے بھتہ وصول کر کے اس کے کارندوں اور بیرون ملک گینگ کمانڈر کے پاس بھجوارہاتھا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتارملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔