پشاور:(دنیا نیوز) مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ لوگ بجلی کے بلوں سے پریشان ہیں، پاکستان کی سستی ترین بجلی خیبرپختونخوا پیدا کرے گا۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ ہم بجلی فراہم کرنے والی کمپنی بنائیں گے،اس سے ہمیں بجلی فی یونٹ 6 روپے پڑے گی، وفاقی حکومت ہمیں 62 روپے کا یونٹ دیتی ہے، ہم نے اپنے وسائل سے بجلی بنائی ہے، خیبرپختونخوا میں 30 ہزار میگاواٹ کا پوٹینشل موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق ہمیں آہستہ آہستہ کرکے پیسے دے رہا ہے، ہم 400 ارب روپے تعلیم پر خرچ کرتے ہیں، ہم سالانہ 14ارب روپے کی کتاب اور ٹیکسٹ بک چھاپ کر دیتے ہیں، اس سال ہم نے 4 ارب روپے کی کتابیں ری سائیکل کی ہیں، گڈ گورننس اور احتساب پر ہمارا فوکس ہے۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم نے تعلیم کیلئے ورلڈ بینک کے ساتھ ایک پراجیکٹ شروع کیا ہے، اس سے معلوم ہوگا کہ بجٹ پورے صوبے میں ہر سکول میں جارہاہے کہ نہیں؟ تعلیمی بجٹ میں زیادہ تر پیسے سکول بننے اور ٹیچرز کی فیسوں میں خرچ ہوتے ہیں۔
مزمل اسلم نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت کرائے پر زمین لیں اور سکول شروع کریں، 300 ارب روپے وفاق نے ہمیں دینے تھے، بجٹ میں اعلان کیا گیا 1400 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ہوگا، بجٹ پاس ہونے سے پہلے ترقیاتی بجٹ کو 11سو ارب روپے کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 500 غیر فعال سکیموں کو وزیر اعلیٰ نے خود بیٹھ کر ختم کیا، ہم نے تمباکو،منرلز اور مائنز پر ٹیکس لگایا، جہاں سے ٹیکس اکھٹا ہوسکتا تھا وہاں سے اکھٹا کرکے عوام پر خرچ کریں گے، خیبرپختونخوا میں پورے پاکستان کے 45 فیصد جنگلات پائے جاتے ہیں، صوبے میں کاربن منصوبے شروع کئے جاچکے ہیں، پناہ گاہیں اور لنگر خانے شروع کردیئے گئے ہیں۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک لاکھ 15 ہزار روپے کمانے والوں کا 30 فیصد تک ٹیکس بڑھ گیا، سالانہ ایک کروڑ تنخواہ کمانے والوں پر 10 فیصد اضافی ٹیکس لگادیا، ایک کروڑ سے اوپر کمانے والوں پر 10 فیصد سرچارج لگا دیا۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ دودھ، ڈیری مصنوعات اور ادویات پر بھی ٹیکس لگادیا، وفاقی حکومت پنشن کی مد میں ایک ہزار ارب سے زیادہ ادا کرے گی، وفاق نے 25 فیصد تنخواہیں بڑھادیں اور ٹیکس کا بوجھ ڈال دیا، خیبر پختونخوا حکومت نے پراپرٹی پر ٹیکس آدھا کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاق نے گھر خریدنے پر 23 فیصد ٹیکس لگا رکھا ہے، گاڑیاں اور پٹرول مہنگا کردیا، بیرون ممالک جانے والوں پر بھی ٹیکس لگا دیا۔