لاہور: (دنیا نیوز) فنانس ایکٹ 2024 پر عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، سینکڑوں درآمدی اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
بجٹ 25-2024 کے تحت نئے ٹیکسز کا نفاذ کرنے کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کمر کس لی، سینکڑوں درآمدی اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح میں 5 سے 55 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا۔
ایف بی آر کے مطابق زندہ مچھلی کی درآمد پر 10 فیصد، فریز فِش پر 35 فیصد، درآمدی دودھ اور کریم پر 25 فیصد، دہی، مکھن اور نٹس پر 20 فیصد جبکہ درآمدی قدرتی شہد پر 30 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کر دی گئی۔
اسی طرح درآمدی کھجوروں، انجیر، پائن ایپل، امرود اور آم پر ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح 25 فیصد، درآمدی چیری پر 35 فیصد، سیب اور لیچی پر 45 فیصد اور مکئی پر 30 فیصد، درآمدی پرفیوم، میک اپ کے سامان، سکن کیئر اور بالوں کیلئے مختلف آئٹمز پر 55 فیصد ڈیوٹی عائد کر دی گئی۔
ایف بی آر نوٹیفکیشن کے مطابق درآمدی شیونگ کریم، مختلف صابن پر بھی 50 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی، جینٹس اور لیڈیز کیلئے درآمدی اوور کوٹس، ٹوپی، جیکٹس، ٹراؤزرز اور شارٹس پر 10 فیصد آر ڈی عائد کی گئی ہے۔
نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی ٹریک سوٹ، رومال، شال، مفلر، ٹائی، کمبل پر 10 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی جبکہ درآمدی واٹر پروف اور لیدر کے جوتوں پر بھی ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
درآمدی واش بیسن، باتھ روم کے سامان پر بھی ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھا دی گئی جبکہ درآمدی جیولری پر بھی 45 فیصد تک ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔