اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجٹ 25-2024 کی منظوری کے بعد اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے، سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 1.28 فیصد اضافہ ریکارڈ ہو گیا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح 23.59 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں ریکارڈ 29 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 5 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 17 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 84 روپے کا اضافہ ہوگیا، آٹے کا 20 کلو تھیلا 188 روپے 44 پیسے مہنگا ہوا، دال چنا اور دال مونگ 9 روپے کلو مہنگی ہو گئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق زندہ مرغی فی کلو 7 روپے اور لہسن فی کلو 8 روپے تک مہنگا ہوا، چینی، دہی، دال ماش، چاول، پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں پیاز کی فی کلو قیمت میں 11 روپے تک کمی ہوئی، آلو، انڈے، کیلے اور سادہ بریڈ سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔