لاہور: (دنیا نیوز) لیسکو میں سولر سسٹم پر کنکشن کیلئے استعمال ہونے والے اے ایم آئی میٹرز کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں اے ایم آئی میٹر نایاب ہوگئے ہیں، اے ایم آئی میٹر کی قیمت 43000 سے بڑھ کر 65000 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ لیسکو کی جانب سے صارفین کو اے ایم آئی میٹر 43 ہزار روپے میں فروخت کئے جا رہے تھے تاہم اچانک پابندی لگنے کی وجہ سے مارکیٹ میں میٹرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔
لیسکو کی جانب سے اے ایم آئی میٹرز کی خریداری کے لئے این او سی جاری کیا جا رہا ہے، گرین میٹرز کا سٹاک ختم ہونے کی وجہ سے صارفین کو مارکیٹ سے خریداری کی اجازت دی گئی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لیسکو کی جانب سے گرین بائی ڈائریکشنل میٹر کی تنصیب پر اچانک پابندی لگائی گئی، پابندی کا اطلاق یکم جولائی سے تمام دفاتر میں کر دیا گیا، پابندی کے بعد اے ایم آئی میٹرز کی قیمت بھی بڑھ گئی۔