اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے برطانوی انٹرنیشنل انویسٹمنٹ بورڈ کے وفد سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال پر روشنی ڈالی، محمد اورنگزیب نے کہا کہ مالی سال 2024 کے لیے جی ڈی پی کی شرح نمو 2.4 فیصد رہی، مالی سال 2025 میں جی ڈی پی تقریباً 3.6 فیصد تک بہتر ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اضافے کے ساتھ 9 ارب 40 کروڑ تک ہو گئے، پاکستان نے کیپٹل مارکیٹس میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کیا، جون 2024 میں ملک میں افراط زر کی شرح 12.6 فیصد تک کم ہوئی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کامیاب رہا، نئے لانگ ٹرم پروگرام کیلئے آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت جاری ہے، ٹیکس بیس میں اضافہ اور ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن حکومتی ترجیح ہے۔
محمد اورنگزیب نے وفد کو توانائی کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا، ڈسکوز کی نجکاری کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا خاکہ بھی پیش کیا گیا، اس موقع پر ملکی معاشی ترقی میں ایس آئی ایف سی کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔