لیسکو کا بجلی چوروں کیخلاف آپریشن، 132 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج، 22 گرفتار

Published On 19 July,2024 12:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 466 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 132 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہو چکے ہیں جبکہ 22 کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

حکام کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں 13 کمرشل، 16 زرعی اور 437 ڈومیسٹک تھے، تمام کنکشنز منقطع کر کے ان کو 5 لاکھ 24 ہزار 211 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں، یونٹس کی مالیت ایک کروڑ 84 لاکھ 98 ہزار 131 روپے ہے۔

لیسکو حکام نے بتایا ہے کہ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔

واضح رہے کہ انسداد بجلی چوری مہم کو 294 روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 4 ہزار 877 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 89 ہزار 594 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر 34 ہزار 349 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

بجلی چوروں کو اب تک 11 کروڑ 67 لاکھ 75 ہزار 949 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 4 ارب 19 کروڑ 38 لاکھ 12 ہزار 603 روپے ہے۔