اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت 35 روپے ہے جس میں ٹیکسز شامل نہیں، بجلی کی قیمت میں 18 روپے فی یونٹ کیپسٹی چارجز ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھا کہ بجلی کی پیداواری قیمت 8 سے 10 روپے فی یونٹ ہے، بجلی کے ترسیلی نظام کے چارجز فی یونٹ ڈیڑھ سے 2 روپے ہیں جبکہ ڈسکوز کے اخراجات فی یونٹ 5 روپے پڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا خرچہ 18 روپے فی یونٹ کیپسٹی چارجز کا ہے، بجلی کے ریٹ بڑھنے سے بجلی کے استعمال میں کمی آئی ہے، مہنگائی کی لہر میں بجلی بھی اپنا پورا حصہ ڈال رہی ہے، بجلی ریٹ سے صارفین بہت تنگ ہیں۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج پاور سیکٹر کے قرضوں کو واپس کرنا ہے، ڈالر اور روپے کی قدر کی وجہ سے قرضے بہت بڑھ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ساہیوال کول پلانٹ کے 2015ء میں کیپسٹی چارجز 3 روپے فی یونٹ تھے، ڈالر کی قیمت بڑھنے اور شرح سود 22 فیصد تک آنے کی وجہ سے کیپسٹی چارجز بڑھ گئے، ساہیوال کول پلانٹ کے کیپسٹی چارجز 11.45 روپے فی یونٹ ہوگئے، اس وقت توانائی سیکٹر کے قرضوں کا بوجھ بجلی صارفین سے لیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ پلانٹس پر درآمد شدہ کوئلہ کے استعمال کے بجائے مقامی کوئلے کو استعمال کیا جائے تو فی یونٹ دو ڈھائی روپے کمی آئے گی۔