اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے ماہانہ 200 یونٹ تک صارفین کیلئے بجلی کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ واپس لینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ماہانہ 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے بجلی کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ واپس لینے کی تجویز دی ہے، اس حوالے سے وزیر اعظم نے ہنگامی بنیادوں پر سمری کی وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کی ہدایت کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب: 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو سولر پینلز دینے کی اصولی منظوری
ذرائع نے بتایا ہے کہ جولائی تا ستمبر 2024ء کیلئے ماہانہ 200 یونٹ تک والے صارفین کو ریلیف دینے کی تجویز سامنے آئی ہے، وفاقی حکومت ٹیرف پر ریلیف دینے کیلئے تقریباً 50 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے بجلی کے فی یونٹ بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے تک اضافہ منظور کیا تھا، کابینہ نے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ، نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے بھی اضافے کی منظوری دی تھی۔
ذرائع کے مطابق ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کے ٹیرف میں 3.95 روپے، ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف 4.10 روپے بڑھانے کی منظوری دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف کا بلوچستان کے کسانوں کیلئے تاریخی پیکیج کا اجرا
ماہانہ ایک سے 100 یونٹ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے ٹیرف میں 7.11 روپے، ماہانہ 101 سے 200 یونٹ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے ٹیرف میں 7.12 روپے اضافہ منظور کیا تھا، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024ء سے کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلئے فی یونٹ ٹیرف 3.95 روپے جبکہ ماہانہ 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلئے فی یونٹ ٹیرف 7.74 روپے برقرار رہے گا۔